Feb ۲۳, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۶ Asia/Tehran
  • لندن اپنا قبلہ درست کرے: ایران

ایران کے خلاف یورپ اور برطانیہ کی مسلسل الزام تراشیوں اور ایران پر عائد لندن کی نئی پابندیوں کے پیش نظر تہران میں برطانوی ناظم الامور ایزابل مارش کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا۔

سحر نیوز/دنیا: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے حکام نے برطانوی حکومت کی جانب سے ایرانوفوبیا اور تہران کے خلاف جھوٹی پروپیگینڈہ مہم پر سخت نکتہ چینی کی اور لندن سے اپنے جارحانہ رویے کو لگام دینے کا مطالبہ کیا۔

وزارت خارجہ کے یورپ ڈیسک کے سربراہ نے برطانوی ناظم الامور سے کہا کہ لندن کا یہ رویہ سیاسی کھیل کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ برطانیہ میں کہ جہاں مہاجروں، پناہ گزینوں اور مسلم آبادی کو روزانہ کی بنیاد پر بدترین ناانصافیوں اور منافرت کا سامنا ہے اور وہ ملک جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مہاجروں کو زبردستی روانڈا بھیجنا چاہتا ہے، اسے انسانی حقوق پر بات کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔

وزارت خارجہ میں یورپ ڈیسک کے سربراہ نے ایزابل مارش سے دو ٹوک انداز میں کہا کہ گذشتہ چار دہائی کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیرملکی دباؤ اور پروپیگینڈے سے متأثر ہونے والا نہیں ہے اور اسی بنیاد پر بہت جلد برطانوی حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں کا جواب دیا جائے گا۔

  قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز برطانوی وزارت خارجہ نے لندن میں ایران کے ناظم الامور کو طلب کیا تھا۔

  یاد رہے کہ برطانوی حکام نے گذشتہ مہینوں، ایران میں ہونے والے بلووں کے دوران تخریبی کردار ادا کرتے ہوئے بلوائیوں کی کھل کر مالی اور تشہیراتی حمایت کی تھی۔ اب جبکہ وہ بلوے  کہ جن کا مقصد ایران کو کمزور کرنا اور ایران کے جمہوری نظام کو گرانا تھا، شکست سے دوچار ہوچکے ہیں، تو لندن اور دیگر یورپی دارالحکومتیں مختلف حیلے بہانوں کے تحت ایرانی حکام اور اداروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے اپنی شکست کی پردہ پوشی کرنا چاہتے ہیں۔

 

ٹیگس