اسلامی جمہوری نظام سے اغیار کی دشمنی سیاسی نوعیت کی ہے: رہبرانقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام کا عوامی ہونا ایک ایسی حقیقت ہے جس کا کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا اور اس حقیقت کا پوری دنیا نے گیارہ فروری کی ریلیوں میں بخوبی مشاہدہ کیا ہے
سحر نیوز/ ایران: مجلس خبرگان رہبری کے سربراہ اور ممبران نے جمعرات کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی - رہبرانقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام میں ایک ایسی حقیقت پائی جاتی ہے جس کا کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا اور وہ اسلامی جمہوری نظام کا عوامی ہونا ہے یہ نظام ایسا ہے کہ جس کی جڑیں عوام میں پیوست ہیں ۔
آپ نے فرمایا کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام عوامی اور جمہوری ہونے کے اعتبار سے پوری دنیا میں ایک بے مثال یا کم نظیر نظام حکومت ہے اور جہاں بھی نظام کو عوام کی حمایت اور خدمت کی ضرورت ہوتی ہے وہاں عوام میدان میں اترتے ہیں اور اس حقیقت کا مشاہدہ اس سال اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے جشن میں ایرانی عوام کی غیر معمولی اور تاریخی شرکت کی صورت میں کیا گیا ہے ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کے اسلامی جمہوری نظام سے اغیار کی دشمنیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ بعض دشمنیاں سیاسی نوعیت کی ہیں مثال کے طور پر فلسطین کے مسئلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا اپنا ایک موقف ہے جبکہ بڑی طاقتوں کا موقف کچھ اور ہے اسی لئے وہ اسلامی جمہوری نظام سے دشمنی کرتی ہیں آپ نے فرمایا البتہ اس طرح کی دشمنی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ جو چیز اہم ہے وہ اسلامی جمہوری نظام سے ذاتی دشمنی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ کچھ طاقتیں اصل اسلامی جمہوریہ سے دشمنی کرتی ہیں وہ اسلامی جمہوریت کو برداشت نہیں کرپا رہی ہیں ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب اسلامی جمہوریت وجود میں آتی ہے وہ حقیقی جمہوریت ساتھ لے کر آتی ہے اور لوگوں کو حقیقی آزادی دلاتی ہے اور لیبرل ڈیموکریسی کے بر خلاف دین اور سیاست کو ساتھ ساتھ لے کر چلتی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج دشمن ایرانی عوام میں مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ جن کے اذہان امید و حوصلے سے سرشار ہیں وہ کبھی بھی مایوس نہیں ہوتے اور ہر چیز کو امید افزا دیکھتے ہیں ۔ آپ نے فرمایا کہ عوام میں مایوسی پیدا کرنے کی دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں ہر وقت تیار رہنا چاہئے ۔