شام پر اسرائیلی حملہ، انسانیت کے خلاف جرم شمار ہوتا ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے ایک ایئر پورٹ پر اسرائیل کے حملے کو دہشت گردانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے ایک بیان میں شام کے شہر حلب کے بین الاقوامی ایرپورٹ پر اسرائیل کے غیر انسانی اور دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے صیہونی حکومت کے جرائم کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے امداد رسانی کے اصل کوریڈور یعنی حلب ایر پورٹ پر حملہ ایسے وقت میں کیا ہے جب حالیہ زلزلے سے متاثر ہونے والے عام شہریوں کو انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ انسانیت کے خلاف جرم شمار ہوتا ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ بعض مغربی ملکوں، اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شام میں اسرائیل کے مجرمانہ اور غیر انسانی حملوں پر مکمل خاموشی اختیار رکھی ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے منگل کی صبح شام کے شہر حلب کے ہوائی اڈے کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جو کہ زلزلہ متاثرین کے لیے عالمی امداد کی فراہمی کا اہم ترین راستہ ہے۔