Mar ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کے درمیان مشترکہ سیکورٹی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

عراق میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور عراق کے قومی سلامتی کے مشیر نے عراقی وزیراعظم کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ سیکورٹی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کر دیئے۔

سحرنیوز/ایران: ایران اور عراق کے درمیان مشترکہ سیکورٹی تعاون کے اس سمجھوتے سے عراقی کردستان میں انقلاب مخالف عناصر کی فتنہ انگیزی کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی سے متعلق پیدا ہونے والے ناخواستہ مسائل کودور کرنے میں اچھا اثرمرتب ہوگا 
ایران کے اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری علی شمخانی نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران ہمیشہ عراق میں امن و استحکام اور ترقی و پیشرفت میں مدد کے لئے تیار رہا ہے، کہا کہ ایک متحد اور طاقتور عراق علاقے میں امن و استحکام کا باعث ہے۔ 
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ ایران و عراق کی مشترکہ سرحدی علاقوں میں کسی بھی طرح کا بحران و کشیدگی مشترکہ سرحدی علاقوں کے عوام کے امن و سکون کے غارت ہونے اور سرحدی شہروں کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث بنے گی، بنابریں اس قسم کی صورت حال کو مکمل طور پر کنٹرول کئے جانے کی ضرورت ہے خاص طورسے ایسے میں جب اسطرح کے حالات بنانے میں اندرونی و بیرونی دونوں عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فتنہ اور شرانگیزی کا مقابلہ کیا جانا چاہئے۔ 
دریں اثنا عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ نے بھی ایران کے اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری علی شمخانی سے ملاقاتوں میں ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کے لئے طے پانے والے سمجھوتے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کو آگے بڑھانے میں ہر طرح کے تعاون کے لئے بغداد کی آمادگی پر زور دیا۔ 
اس ملاقات میں فریقین نے اسی طرح مختلف شعبوں منجملہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے مواقع اور گنجائشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مشترکہ اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے میں تیزی لانے اور اس سلسلے میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ایران کے اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری علی شمخانی نے اس ملاقات میں ایران و سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے پانچ دور کی میزبانی پر حکومت عراق کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے میں بغداد کے تعمیری کردار کی تعریف کی ۔ 
اس سے قبل ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب قاسم الاعرجی سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان سیکورٹی کے معاہدوں پر مکمل عملدرآمد سے ہمہ جانبہ تعاون اور ترقی کی رفتار تیز ہوگی ۔ 
انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے جامع سیکورٹی معاہدے پر پوری طرح سے عمل درآمد سے دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ سرحدی بدامنی کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی جس کے مثبت سیاسی اور اقتصادی نتائج بھی برآمد ہوں گے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ امریکا کی بحران پیدا کرنے والی پالیسیوں اور اقدامات ہی علاقے اور عراق میں بدامنی کی جڑ ہیں اور امریکی شیطنت بدستور جاری ہے۔
عراق کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر قاسم الاعرجی نے بھی کہا کہ بلاشبہہ سیکورٹی معاہدہ دونوں ملکوں کے مفادات کا پہلے سے زیادہ تحفظ کرے گا۔ 

ٹیگس