Apr ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • بارودی سرنگوں کا صفایا کرنے کے عمل میں دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون کیلئے آمادہ ہيں: ایران

ایران کے وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ تہران بارودی سرنگوں کا صفایا کرنے کے عمل میں دنیا کے تمام ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر محمد رضا آشتیانی نے بارودی سرنگوں کے خطرے اور اس مسئلے سے نمٹنے میں تعاون کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں عام لوگوں کے جانی تحفظ پر خاص توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے اغراض و مقاصد کے تحت تمام جنگوں کے آغاز کے ذمہ دار سامراجی اور تسلط پسند ممالک رہے ہیں جس کے نتیجے میں اقوام عالم کو مختلف شعبوں میں تباہی و بربادی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور عام لوگوں کی سلامتی خطرے میں پڑی ہے۔

انھوں نے جنگ کو بڑی طاقتوں کی توسیع پسندی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ عالمی سطح پر جب تک تعلقات میں منطق کو بروئے کار نہیں لایا جائے گا جنگ کا خطرہ بنا رہے گا ۔ 

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ جنگ کی وجہ کا پتہ لگا کر اور مسئلے کو منطقی طریقے سے حل کر کے جنگ کا خطرہ ٹالا جا سکتا ہے۔

بریگیڈیئر آشتیانی نے کہا کہ ایران اپنے انسان دوستانہ فرائض کی بنیاد پر بارودی سرنگوں کا صفایا کرنے کے عمل میں دنیا کے تمام ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں صدام حکومت نے ایرانی علاقوں میں تقریبا ایک کروڑ ساٹھ لاکھ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں جن کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں بے گناہ لوگوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑتا رہتا ہے۔

ٹیگس