قرآن و پیغمبر کے گستاخوں کے خلاف ایرانی عدلیہ کا غیرت مندانہ فیصلہ
سوشل میڈیا پر اعلانیہ اور دانستہ طور پر کفر و الحاد پر مبنی اپنے اسلام و قرآن مخالف گستاخانہ اور بے شرمانہ بیانات و اقدامات کی اشاعت کرنے والے دو مجرموں کو آج صبح انکے انجام تک پہنچا دیا گیا اور انہیں سزائے موت دے دی گئی۔
سحر نیوز/عالم اسلام: رسول اسلام اور قران کریم کی توہین کے ذریعے کروڑوں مسلمانوں کے احساسات مجروح کرنے والے دو مجرموں کو ایران میں عدالت کے حکم پر سزائے موت دے دی گئی۔
ایران کی عدالت کے ترجمان ادارے نے اعلان کیا ہے کہ یہ دونوں شہری قرآن کریم ، اسلامی مقدسات، رسول اسلام اور اہل بیت رسول علیہم السلام کی شان میں گستاخی پر مبنی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ایسی ویب سائٹیں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلا رہے تھے جن میں اپنی نازیبا حرکتوں من جملہ قرآن کریم کو نذر آتش کرنے کی ویڈیو اور تصاویر جاری کرتے تھے۔
اس رپورٹ کے مطابق یوسف مہرداد اور صدر فاضلی زارع نام کے یہ دونوں مجرم دین کی مخالفت اور توہین پر مبنی بیس سوشل میڈیا گروپس کے ایڈمن تھے۔
یہ دونوں اسلام دشمن مجرمین ایران کے موبائل نمبر کے ساتھ ہی فرانس کے نمبر پر بھی اپنی اسلام دشمن تحریک میں سرگرم تھے جن میں قرآن کریم ، رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور خاندان رسالت کی شان میں گستاخی اور توہین شامل تھی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی عدالت نے برآمد شدہ ٹھوس شواہد اور مجرموں کے اعتراف کے بعد، آج صبح 8 مئی 2023 کو قانون کے تحت ان کی موت کی سزا پرعمل در آمد کیا گیا۔