Jan ۰۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان مشترکہ طور پر اسلامی مقدسات کی توہین کے خلاف آواز بلند کریں گے

حسین امیرعبداللہیان نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں تازہ ترین صورتحال علاقائی اور عالمی مسائل اور دوجانبہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کل اپنے پاکستانی ہم منصب  بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ  ٹیلی فونی گفتگو کے دوران ناجائز اور غاصب صیہونی حکومت کے انتہا پسند وزیر کی جانب سے مسجد الاقصی  کی بے حرمتی اور توہین آمیز اقدام کے بعد مقبوضہ فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیج میں کہا کہ میں نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے امیرعبداللہیان کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مکالمے کے دوران مسجد الاقصی پر حملے کے سلسلے میں انتہا پسند صیہونی وزیر کے توہین آمیز اقدام کے بعد فلسطینی مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسرائیل کے اس اشتعال انگیز اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ایک بار پھر اپنے موقف یعنی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں کے مطابق القدس شریف کے دارالحکومت میں ایک آزاد فلسطین کے قیام پر زور دیتا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے فرانسیسی جریدے شارلی ایبڈو کی جانب سے رسول خدا ص کی توہین اور اسی طرح اسلامی اقدار، اسلامی شخصیات، مراجع دینی اور مذھبی رہنماوں کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت کی جانب سے اسلامی ممالک کی حکومتوں اور اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ اسلامو فوبیا اور شعائر اسلامی کی توہین کے خلاف ہر اقدام کیلئے آمادگی کا اعلان کیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں صہیونی ریاست کے وزیر کی طرف سے مسجد الاقصی کے تقدس کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال کو مزید خراب کرنے کے مترادف قرار دیا۔

یاد رہے کہ ناجائز صیہونی حکومت کی قومی سلامتی کے نئے وزیر بن گویر نے چند روز قبل عہدہ سنبھالنے کے بعد صیہونیوں کے ایک گروپ کے ساتھ مل کر صیہونی فوج کی حمایت سے ایک اشتعال انگيز اقدام کے تسلسل میں مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی۔

صیہونی حکومت کے وزیر کے اس توہین آمیز اقدام کی دنیا بھر میں مسلمانوں اور اسلامی ممالک سمیت اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے مذمت کی۔

ٹیگس