شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ تعاون، ایران کی بنیادی پالیسی
ایران اپنی اصولی پالیسی کے پیش نظر، شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کا سلسلہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت دفاع کے بین الاقوامی امور کے سربراہ جنرل سید حمزہ قلندری نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت پر مبنی اپنی پالیسی کے پیش نظر ایسی عالمی تنظیموں میں شمولیت حاصل کرتا ہے جن کی پالیسیاں ہمارے ملک کے بنیادی اصول کے منافی نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا شمار ان ہی اہم اور باوقار مجموعوں میں ہوتا ہے جن میں ایران کے ان تحفظات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کی جغرافیائی وسعت اور اس میں شامل ممالک کا تنوع اور رکن ممالک کی آبادی جو کہ دنیا کے ایک تہائی حصے پر مشتمل ہے، وہ نکات ہیں جن سے شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔
جنرل سید حمزہ قلندری نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور علیحدگی پسندی کے مقابلے کو شنگھائی تعاون تنظیم کی تشکیل کا بنیادی مقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بھی اہم حصہ رہی ہے۔