اکیسویں صدی ایشیا کی صدی ہے: ایرانی اسپیکر
ایران کے اسپیکر نے کہا ہے کہ اکیسویں صدی سیاسی اقتصادی، ثقافتی اور فنی امور کے میدان میں ایشیا کی صدی ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف نے ’’نیو ورلڈ آرڈر جیومیٹری‘‘ کے زیر عنوان ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے عالمی نظام کی تشکیل میں جو بات قابل توجہ ہے وہ یہ کہ اب نئے کھلاڑی میدان میں آ گئے ہیں کہ جن کی طاقت حکومتوں سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی سیاسی اقتصادی، ثقافتی اور تکنیکی امور کے میدان میں ایشیا کی صدی ہے۔
مسٹر قالیباف کا کہنا تھا کہ دشمنوں کی کوشش تھی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو الگ تھلگ کیا جائے اور ملک کے اندر بعض لوگ اس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں لیکن ایران اتنا مضبوط، وسیع اور بااثر ہے کہ کبھی بھی الگ تھلگ اور تنہا نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ نئے عالمی نظام کی تشکیل عنوان کے تحت کانفرنس بدھ کے روز تہران کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں شروع ہوئی جو دو روز تک جاری رہے گی۔
اس کانفرنس کے انعقاد کا آئیڈیا جنگ یوکرین اور رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات سے لیا گیا ہے۔