May ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر انڈونیشیاء کے کامیاب دورے کے بعد تہران پہنچ گئے

ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ موجود اعلیٰ سطحی وفد انڈونیشیاء کا سرکاری دورہ مکمل کرکے ایران پہنچ گئے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی انڈونیشیا کے تین روزہ دورے کے بعد تہران پہنچ گئے۔ یہ دورہ میزبان ملک کے صدر کی باضابطہ دعوت پر انجام پایا جس کے دوران مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے اہم معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ہیں ۔

ایران خطے کا ایک بااثر اور اہم ملک ہے جب کہ انڈونیشیا دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک کے بطور پہچانا جاتا ہے۔

صدر رئیسی کی اس دورے میں ان کے انڈونیشیا کے ہم منصب سے طویل اور اہم ملاقات ہوئی ۔ صدر مملکت نے انڈونیشیاء کے پارلیمانی اسپیکر، صدر، آسیان یونین کے سیکرٹری جنرل، شیعہ اور اہل سنت علمائے کرام سمیت کئی دیگر اہم سیاسی اور دینی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور انڈونیشیائی مسلمانوں کے عظیم الشان اجتماع سے بھی خطاب کیا۔

انڈونیشیاء کے صدر جوکو ویدودو کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے مواقع زیادہ ہیں اور اس دورے کے نتیجے میں دو بڑے اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

دورے کے دوران اسلامی جمہوری ایران اور انڈونیشیاء کے درمیان باہمی تعاون کی گیارہ دستاویزات پردستخط کئے گئے ہیں۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس دورے کے اختتام پرانڈونیشیاء کے اعلیٰ حکام  نےایرانی صدر کو ایئرپورٹ پر خدا حافظ کہا اور صدر سید ابراہیم رئیسی فوج کے دستوں کی سلامی کے ساتھ انڈونیشیاء سے تہران کیلئے روانہ ہوئے۔

ٹیگس