May ۳۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • مشہد الرضا میں پھولوں کی بہار اور عوامی سونامی

آج دنیا بھر بالخصوص ایران میں فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت تمام تر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ایران: آج ایران کے شہر مشہد مقدس میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے، ہر طرف زائرین کا ہجوم ہے اور دنیا اور ایران کے دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں بھی زائرین مشہد مقدس پہنچے ہیں جبکہ ہزاروں ایسے زائرین بھی ہیں جو مختلف شہروں سے پا پیادہ کئی دن کا سفر طے کر کے مشہد بارگاہ رضوی میں شرفیاب ہوئے۔

گزشتہ دس دنوں سے پورے ایران بالخصوص مقدس شہروں مشہد، قم اور شیراز میں جاری جشن و سرور کا سلسلہ آج اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔ مرسل اعظم (ص) اور آپ کے اہل بیت (ع) کے شیدائی محفل میلاد اور جشن کے پروگراموں میں شرکت کر رہے اور علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام رضا علیہ الصلوات و السلام کے فضائل بیان کر رہے ہیں۔

گزشتہ شب فرزند رسول امام علی رضا علیہ السلام کے چاہنے والوں نے ایک عظیم کارروان کی شکل میں آپؑ کی بارگاہ عالیہ میں پہنچ کر اُس پر گلبارانی کی۔ مشہد کے ساتھ ساتھ قم اور شیراز میں بھی پوری رات بارگاہ اہل بیت میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ سڑکوں کے کنارے موکب سجائے گئے اور آنے جانے والوں کو مٹھائی اور شربت تقسیم کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ گیارہ ذی القعدہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو فرزند رسولۖ حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے- امام رضا علیہ السلام کے علم کا اتنا شہرہ تھا کہ ’’رضا‘‘ کے ساتھ ساتھ آپ کو ’’عالم آل محمد‘‘ کے نام سے بھی شہرت حاصل تھی- اسکے علاوہ آپ رأفت و مہربانی کے ذریعے بھی زمانے بھر میں معروف ہیں۔ آپ کا اسم گرامی علی اور کنیت ابوالحسن ہے۔ 

یکم ذی القعدہ دختر موسیٰ بن جعفر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا یوم ولادت باسعادت ہے، چھے ذی القعدہ کو امین ولایت حضرت احمد بن موسیٰ شاہچراغ علیہ السلام کا یوم تکریم اور گیارہ ذی القعدہ کو حضرت امام علی بن موسیٰ الرضاعلیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔ اس دس دن کے نورانی دورانیئے کو ایران میں عشرۂ کرامت کے نام سے یاد کیا اور جشن منایا جاتا ہے۔

ٹیگس