May ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • امام خمینی رح  کے نظریات مغرب کی اجارہ داری کے لیے خطرہ

بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت کو چونتیس سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور ان کے تابناک اور درخشاں نظریات بدستور مغرب خاص طور پر امریکہ کی اجارہ داری کو توڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: چار جون دو ہزار تئیس امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی کا دن ہے۔ اس سال بھی گذشتہ برسوں کی مانند ملت ایران کے ساتھ ساتھ پوری دنیا سے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے عاشق اور مہمان چار جون کو تہران میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دیں گے اور مکتب امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے حقیقی پیرو اور نائب، رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای کی زبان سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے رموز اور مکتب امام خمینی کے دوام اور مقبولیت کے اسرار و رموز اور عوامل سے آشنا اور ان کی رہنمائیوں سے مستفیض ہوں گے۔

چونتیس سال قبل بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ستاسی سال کی انتھک جدوجہد سے بھرپور زندگی گزارنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا اور اپنے حقیقی رب کی بارگاہ میں حاضر ہو گئے۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و نظریات ایک ایسے بحر بےکراں کی مانند ہیں کہ جو مسلسل ٹھاٹھیں مار رہا ہے اور اس کی ہر لہر ایران اور دنیا کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے۔

"جب تک دنیا میں شرک اور کفر موجود ہے ، جدوجہد بھی موجود ہے۔ جب تک جدوجہد ہے، ہم بھی ہیں"۔

"ہماری جنگ عقیدے کی جنگ ہے اور اس کی کوئی جغرافیائی سرحد نہیں ہے"۔

"ہم پوری دنیا میں اسلامی انقلاب کے ماننے والوں اور حامیوں کو اپنے انقلاب کا ممکنہ سرمایہ سمجھتے ہیں"

"اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے آزاد مسلمانوں کا ہمیشہ کے لیے حامی اور پناہ گاہ ہے"

یہ چند جملے عالمی کفر کا مقابلہ کرنے اور دنیا کے بارے میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و نظریات کی عکاسی کرتے ہیں۔

آج کی دنیا تسلط کے نظام کے ساتھ گفتگو کرنے میں تذبذب کا شکار ہے اور اسی بنا پر عالمی سامراج اور استبداد کا شیرازہ بکھر رہا ہے اور وہ تباہی کے راستے پر گامزن ہے۔

اس کے مقابلے میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے نظریات ہیں کہ جو رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت کی برکت سے روز بروز دنیا میں پھیل رہے ہیں اور دنیا کے حریت پسندوں اور آزاد سوچ رکھنے والے افراد کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔

آج دنیا کے پانچ براعظموں میں سات سو سے زائد دینی مراکز اور مدارس اہل بیت عصمت و طہارت کے عاشقوں اور حقیقی محمدی اسلام کے سچے پیروؤں کی تربیت کا کام انجام دے رہے ہیں اور ان کی فکر و سوچ اور عمل کا اصلی مرکز امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و نظریات ہیں۔

ٹیگس