جھوٹے وعدوں اور دعووں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا: رہبرانقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے ملک کی ایٹمی صنعت کو، عوام کی ترقی و پیشرفت اور عالمی سطح پر ملک کی عزت و وقار کے لحاظ سے اہمیت کا حامل قراردیا
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے ایٹمی صنعت کے ماہرین، سائنسدانوں اور اعلی عہدے داروں سے خطاب میں ایٹمی صنعت کو فنی، معاشی اور طبی شعبوں میں ترقی و پیشرفت اور عوام کی زندگی کا معیار بڑھانے میں اہم کردار کا حامل قرار دیا ۔ آپ نے فرمایا کہ ایٹمی صنعت عالمی سیاست اور بین الاقوامی سطح پربھی ملک کے وقار اور پوزیشن کو مستحکم کرنے میں بھی بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
آپ نے ایٹمی مذاکرات کے بارے میں فرمایا کہ بہت سے مختلف شعبوں، حکومتوں حتی کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی جیسے اداروں نے ایران سے متعدد وعدے کرکے، وعدہ خلافی کی، لہذا گذشتہ بیس سال کے تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے جھوٹے وعدوں اور دعووں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمنوں کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ ایٹمی صنعت اسلامی جمہوریہ ایران کی سائنسی ترقی میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے، اسی لئے بیس سال سے ہمارے ایٹمی پروگرام کے لئے مسائل کھڑے کررہے ہیں ، آپ نے ایران پر ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کے الزامات کودشمنوں کا جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران کے دشمنوں کو خوب پتہ ہے کہ ہم اپنے اسلامی اصولوں کی بنیاد پر ایٹمی ہتھیاروں کی طرف نہیں جا رہے ہیں اور اگراسلامی تعلیمات کی بندش اور ممانعت نہ ہوتی تو وہ ہمیں روک نہیں سکتے تھے۔ اسی طرح جیسے اب تک ہماری ایٹمی ترقی کو روک نہیں پائے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر نیوکلیئر مصنوعات کی نمائش کا معائنہ بھی کیا جہاں طب، ادویات، صنعت، ذراعت، توانائی اور ارضیاتی سائنس سمیت متعدد شعبوں میں ایران کے نوجوان سائنسدانوں اور ماہرین کی بنائی گئی ایٹمی مصنوعات کے نمونے پیش کئے گئے تھے۔