صیہونی حکومت فلسطینی نوجوانوں کو ناامید کرنا چاہتی ہے لیکن ناکام رہے گی: صدر سید ابراہیم رئیسی
صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے آج جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ اور اس تنظیم کے دیگر اعلی عہدے داروں سے ملاقات کی۔
سحرنیوز/ایران: اس ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ فلسطینی مجاہدوں نے حالات کا رخ اپنے حق میں موڑ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے یہ کامیابی، مشکلات کے مقابلے میں صبر کے مظاہرے، اور صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے ظلم و جبر کے مقابلے میں فلسطینیوں کی استقامت کے صلے میں عطا کی ہے۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر کہا کہ صیہونیوں کی کوشش تھی کہ بعض عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ حالات کو معمول لا کر، فلسطینی نوجوانوں کو مقبوضہ سرزمینوں کو آزاد کرانے کی جانب سے ناامید کریں تاہم انہیں جان لینا چاہئے کہ یہ کوششیں ناکام رہیں گی کیونکہ انہیں ممالک کے عوام، سب سے پہلے تل ابیب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے سامنے ڈٹ جائیں گے۔
صدر مملکت نے جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ سے کہا کہ اس علاقے سے لیکر لاطینی امریکہ تک، پوری دنیا کے عوام کی حمایت آپ کے ساتھ ہے جو کہ اللہ تعالی کی مدد اور استقامتی محاذ کے شہیدوں بالخصوص شہید حاج قاسم سلیمانی کے خون کی برکت سے ممکن ہوسکا ہے۔
اس موقع پر جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کی بے لوث حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے خود کو علاقے اور عالمی سطح پر ایک اہم اور فیصلہ کن ملک کے طور پر ثابت کردیا ہے۔