Jun ۲۵, ۲۰۲۳ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران کی 17-U فٹبال ٹیم، ورلڈ کپ کے لئے کوالی فائی کرگئی

ایران کی یوتھ فٹبال ٹیم نے یمن کو شکست دیکر انڈونیشیا دو ہزار تیئس ورلڈ کپ کے لئے کوالی فائی کرلیا۔

سحرنیوز/ایران: تھائی لینڈ میں ہونے والے انڈر سیونٹین ایشین کپ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں ایران کی ٹیم یمن کے مدمقابل آئی۔ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے شام ہونے والے اس مقابلے کے پینتالیس منٹ کے دونوں ہاف اور اس کے بعد اضافی ٹائم میں دونوں ٹیموں کی بھرپور کوشش اور گول کے کئی اہم موقعوں کے باوجود، بغیر کسی گول کے برابر رہے۔ البتہ دوسرے اضافی وقت میں ایرانی کھلاڑی کسری طاہری نے ایک گول یمن کے گول پوسٹ میں رسید کیا لیکن ریفری نے اسے آفسائڈ قرار دے دیا۔ اور اس طرح بات پنیلٹی ککس تک پہنچی۔  پنیلٹی ککس کے موقع پر ایرانی کھلاڑیوں نے اپنی بہتر تکنیک اور زیادہ تجربے کے پیش نظر چار شاٹ کو گول کیا جبکہ یمن کی ٹیم صرف دو گول کرسکی اور دو گول ایران کے گول کیپر ارشا شکوری نے شاندار انداز میں روک کر یمن کی ٹیم کا کام تمام کردیا۔  اس طرح ایران کی انڈر سیونٹین ٹیم نے ایشین کپ کے سیمی فائنل میچ میں تو اپنی جگہ پکی کر ہی لی ساتھ ہی انڈونیشیا دو ہزار تیئس کے ورلڈ کپ کے لئے بھی کوالی فائی کرگئی۔  ایرانی کھلاڑیوں کو اگلے میچ میں جاپان اور آسٹریلیا کے مقابلے میں جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

ٹیگس