Jul ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • مغربی ملکوں کو ایرانی عوام کے خلاف اپنے جرائم کا جواب دینا ہو گا: کاظم غریب آبادی

کاظم غریب آبادی نے بین الاقوامی میدان میں کیمیاوی ہتھیاروں سے متاثر اور دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کے کیسوں کی عدالتی اور قانونی پیروی پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے انسانی حقوق کے ادارے کے سیکریٹری کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران دنیا میں کیمیاوی ہتھیاروں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کی وجہ سے 13 ہزار سے زائد افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد مجروح اور متاثر ہوئے ہیں کہ جن میں سے اس وقت بعض متاثرین ہر روز شہید ہو رہے ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے مغربی ممالک کی جانب سے صدام حکومت کو کیمیاوی ہتھیاروں سے لیس کرنے کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ 16 ملکوں نے صدام حکومت کو کیمیاوی ہتھیار فراہم کئے۔

 ایران کے انسانی حقوق کے ادارے کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ کیمیاوی ہتھیاروں کے متاثرین اور دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کے کیسوں کی بین الاقوامی سطح پر قانونی اورعدالتی پیروی ایران کیلئے بہت اہم ہے اور اس کی بنیاد پر حال ہی میں ہالینڈ میں ایک قانونی کیس دائر کیا گیا ہے۔

کاظم غریب آبادی نے اس سلسلے میں تہران کی ایک عدالت میں داخلی مقدمہ دائر کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی مانند جن ملکوں نے ایران کے حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف کیس درج کئے گئے ہیں اور مغربی ملکوں کو ایرانی عوام کے خلاف اپنے جرائم کا جواب دینا ہو گا۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی ہے۔

ٹیگس