Jul ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • امریکہ عالمی اداروں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے

امریکہ کی جانب سے ایران کو جہاز رانی کے عالمی دن کی ميزبانی سے روکے جانے پر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے آئی ایم او کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی راہ میں امریکہ کی جانب سے رکاوٹ کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جہاز رانی کے عالمی دن کے سالانہ اجلاس کو تہران میں منعقد کرنے کی راہ میں روڑے اٹکا کر ایک بار پھر اپنی سامراجی ذہنیت و زور زبرستی کی ماہیت کو واضح کردیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے مزيد کہا کہ برطانیہ کے تعاون سے امریکہ کے اس اقدام سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے ٹکنیکل اور خاص اداروں کے سیاسی استعمال میں امریکہ کسی حد کا قائل نہیں ہے خواہ اس قسم کے اقدام سے کسی عالمی ادارہ کی ساکھ ہی کیوں متاثر نہ ہو۔

ناصر کنعانی نے آئي ایم او کے اکثر اراکین کے ووٹوں کو امریکہ کی جانب سے نظر انداز کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ امریکی حکومت، جھوٹ، الزام تراشی اور غلط بیانی کا سہارا لے کر اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ اسلامی جہموریہ ایران آئی ایم او(International Maritime Organization) کا ایک رکن ہونے کی حیثيت سے، بین الاقوامی جہاز رانی میں اپنے ذمہ دارانہ اور سرگرم کردار پر زور دیتا ہے اور ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق عمل کرتا ہے۔

 یہ ایسے میں ہے کہ اس اجلاس کے تہران میں انعقاد کو 8 برس قبل آئي ایم او کے لندن اجلاس میں منظوری دی جا چکی تھی اور پھر اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کی جنرل اسمبلی میں بھی اس کی توثیق کی گئی تھی۔

ٹیگس