Jul ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۷ Asia/Tehran
  • ایرانی فضائیہ کی فوجی مشقیں، ڈرون طاقت کا بھرپور مظاہرہ (ویڈیو)

ایرانی فوج نے اپنی فضائی مشقوں کا آغاز کیا ہے جس میں بڑے پیمانے پر ڈرون طیاروں کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ایران: فدائیان حریم ولایت فضائی طاقت سے موسوم گیارہویں مشقوں کا آغاز اتوار کے روز ایران کے صوبے اصفہان میں کیا گیا ہے۔

مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر علی رضا رودباری نے بتایا کہ ان مشقوں کے اصلی اور آپریشنل فیز کا اتوار کی شام ’’یا حسین‘‘ رمزیہ نعرے کے ساتھ آغاز ہوا جس میں ڈرون وار آپریشن، جاسوسی اور الیکٹرونک وار سے متعلق مختلف آپریشنز ایرانی فضائیہ کے ڈرون طیاروں کے ذریعے انجام دئے جا رہے ہیں۔

بریگیڈیئر رودباری کا کہنا تھا کہ ان مشقوں میں جنگی، جاسوس اور جیمر نوعیت کے متعدد ڈرونز جیسے کمان ٹوویلو، کرار، مہاجر سِکس اور آرش استعمال کئے جا رہے ہیں جو انواع و اقسام کے میزائلوں، وارہیڈ، الیکٹرانک وارفیئر، اور پوائنٹ ٹارگیٹنگ کی صلاحیت سے لیس ہیں اور جن کے ذریعے فرضی دشمن کے اہم تھکانوں کو نشانہ بنانے کی مشق کی جا رہی ہے۔

مشقوں کے ترجمان کے مطابق ڈرونز کے جنگی آپریشن سے قبل ایرانی فضائیہ کے فائٹر پلین اور ڈرون طیارے جیمنگ سسٹم اور الیکٹرانک وار کی جدیدترین تکنیکوں کی مدد سے فرضی دشمن کے دفاعی سسٹم کو ناکارہ بنا کر جنگی ڈرون طیاروں کے لئے سیف پیسج تیار کرتے ہیں۔

گزشتہ شب ایرانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی بھرپور انداز میں اپنی رزمی، دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں بخوبی فرضی دشمن کے ٹھکانوں کا خوب شکار کیا۔


 

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر حمید واحدی نے بتایا کہ ان مشقوں کا بنیادی پیغام علاقے میں دوستی، امن و سلامتی اور صلح و سکون ہے اور یہ مشقیں ملک کی فضائی حدود کی پاسداری کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پراچھی ہمسایگی اور تعلقات کے جذبے کو مزید پایدار بنانا ہے۔

ٹیگس