اسلامی انقلاب حضرت امام حسین ع اور عاشورا کے مکتب کا تسلسل ہے: صدر رئیسی
صدر رئیسی نے کہا ہے کہ شہدائے اسلام کے پاک خون کی بدولت نیا عالمی نظام تشکیل پا رہا ہے
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے انقلاب اسلامی کے مکتب کو حضرت امام حسین علیہ السلام اور عاشورا کے مکتب کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج شہدائے اسلام کے پاک خون کی بدولت نیا عالمی نظام تشکیل پا رہا ہے۔
حضرت ابا عبداللہ الحسین (ع) اور شہدائے کربلا کی یاد میں شب تاسوعائے حسینی کی مناسبت سے مسجد سلمان فارسی میں مجلس عزا منعقد کی گئی جس میں نائب صدر سمیت متعدد وزراء اور ایوان صدر کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدر رئیسی نے مجلس عزا سےر خطاب کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کے مکتب کو حضرت امام حسین علیہ السلام اور عاشورا کے مکتب کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ جس طرح امام حسین (ع) نے اپنے پاک خون کا نذرانہ پیش کرکے معاشرے سے جہالت کا خاتمہ کیا آج اسی طرح ہمارے شہداء کا پاک لہو جدید جاہلیت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ معاشرے سے جہالت کو دور کر رہا ہے۔
صدر مملکت نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آج شہدائے اسلام کے پاکیزہ خون کی بدولت ایک نیا عالمی نظام قائم ہو رہا ہے کہا کہ آج کے حق و باطل کے محاذ کی صف بندی میں ہم سب پر فرض ہے کہ قوت ارادی، مزاحمت، محنت اور شب و روز کی کوشش سے اپنے مشن کو ثابت قدمی کے ساتھ انجام دیں۔
سید ابراہیم رئیسی نے عاشورہ اور قیام حسینی کو انسانی معاشرے کی تمام تبدیلیوں کا مظہر قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ عاشورہ ایک پرچم ہے جو راستہ گم ہونے نہیں دیتا اور تحریک اربعین حسینی اس عظیم قیام کو گم نہ کرنے کا ذریعہ ہے۔