علاقے میں اغیار کے تسلط اور ان کی برتری کا دور ختم ہو چکا : ایرانی کمانڈر
ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ سن پیٹرز برگ میں صلاح و مشورے کے دوران مختلف ملکوں کے حکام نے ایران کی بحریہ کی عظمت و وقار کا اعتراف کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے سن پیٹرز برگ کے دورے کے نتائج کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ گفتگو اور تبادلہ خیال کے دوران ایرانی بحریہ کی توانائیوں کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی اور مقابل ممالک نے ایرانی بحریہ کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ایڈمرل شہرام ایرانی نے سن پیٹرز برگ میں موجودگی اور روسی بحریہ کے قومی دن کی مشقوں میں ایران کے تین بں بڑے بحری جہازوں کی شمولیت کے تین اہم پیغامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلا پیغام یہ ہے کہ ایران گوشہ نشین نہیں ہے اور تمام میدانوں میں بھر پور طریقے سے موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمنوں کیلئے دوسرا پیغام یہ ہے کہ انھیں اس بات کو جان لینا چاہئیے کہ علاقے میں اغیار کے تسلط اور ان کی برتری کا دور اب ختم ہو چکا ہے اورایک اہم نکتہ یہ ہے کہ یہ آبی علاقہ سمندری سرحدیں رکھنے والے ملکوں منجملہ ایران کیلئے ایک اسٹریٹیجک علاقہ ہے۔