دہشت گرد میڈیا اور منافقین کو اب کہیں بھی امان نہیں ملے گی : ایران انٹیلی جنس وزیر
ایران کے انٹیلی جنس وزیر حجت الاسلام اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ کسی بھی گروہ اور دہشت گردی کی ترویج کرنے والے میڈیا اور کسی بھی فرد کو اب امان نہیں ملے گی-
سحرنیوز/ایران: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران کی انٹیلی جنس کے وزیر حجت الاسلام اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ بعض سیٹلائیٹ ٹی وی چینل دہشت گردی کی ترویج ، دہشت گردانہ اقدامات کی تربیت، علیحدگی پسند عناصر کی حمایت کرتے ہیں جو کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق دہشت گردانہ اقدامات ہیں- اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کے خلاف کئے جانے والے کسی بھی دہشت گردانہ اقدام کا کسی بھی جگہ اور کسی بھی موقع پر مناسب جواب دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کسی بھی گروہ اور دہشت گرد میڈیا اور نفرت کی ترویج کرنے والے شخص کو امان نہیں ملے گی اور ان کی حمایت کرنے والے مختلف ممالک ہمیں اپنے سیکورٹی اقدامات سے روک نہیں پائیں گے،یہ ہماری پالیسی ہے اور ہم قطعا سنجیدگی کے ساتھ اس کو جاری رکھیں گے۔ حجت الاسلام خطیب نے کہا کہ رھبر معظم انقلاب اسلامی کے فرمودات کی روشنی میں ہم نے دنیا کے سارے ممالک اور خصوصا اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو خدا کے لطف و کرم سے بہتر بنایا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا اور اس حوالے سے دنیا کے ممالک کے ساتھ قومی مفاد، عزت و کرامت کی حفاظت کی خاطر انٹیلی جنس شیئرنگ، سیکورٹی، سیاست اور اقتصاد کے میدان میں تعاون کےلئے آمادہ ہیں۔