لاکھوں ایرانی سڑکوں پر، فلسطین زندہ باد ، اسرائیل و امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعرے
پورے ملک اسلامی جمہوریہ ایران میں آج ایرانی عوام نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے۔
سحر نیوز/ ایران: ایرانی عوام نے فلسطین اور فلسطینیوں اور طوفان الاقصی کی حمایت میں کئے جانے والے ملک گیر مظاہروں میں جن میں ایرانی عوام نے وسیع پیمانے پر شرکت کی، اسرائيل مردہ باد اور امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت اور اس جارحیت میں بڑی تعداد میں مظلوم فلسطینیوں کے، کئے جانےوالے قتل عام کی شدید مذمت کی۔
مظاہرین نے فلسطینی عورتوں اور بچوں کا قتل عام کرنے پر غاصب صیہونیوں سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔ سب سے بڑی ریلی دارالحکومت تہران میں نکالی گئی جس میں مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت کو بچوں کا قاتل قرار دیتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے اپنی یکجہتی اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے طوفان الاقصی آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا۔
مظاہروں کے اختتام پر ایرانی عوام کی پاس کردہ قرارداد میں اعلان کیا گیا کہ فلسطینیوں کے الاقصی آپریشن نے غاصب صیہونی حکومت کی طاقت کا بھرم توڑ کر رکھ دیا اور مقبوضہ فلسطین فلسطین کی غاصب و جارح صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں کے جرآتمندانہ آپریشن نے پوری دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔