Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • غزہ میں وحشیانہ قتل عام، انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے: ایروانی

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے غزہ میں فلسطینی عوام کے وحشیانہ قتل عام کو انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کا وحشیانہ قتل عام کیا جا رہا ہے ، ان کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے اور ان پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے جو کہ انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ امیر سعید ایروانی نے منگل کی شب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں مغربی ایشیا اور مقبوضہ فلسطینی سرزمین کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ الاہلی ہسپتال پر دہشت گردانہ حملہ بدترین جنگي جرم تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت پانچ سو سے زیادہ نہتےعام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کوئی نوٹس نہ لئے جانے کے باعث غاصب صیہونی حکومت بدترین مظالم ڈھانے کے سلسلے میں زیادہ گستاخ ہوگئی ہے۔ ایروانی نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری جنگ بندی، کسی طرح کی رکاوٹ کے بغیر انسان دوستانہ رسائي، رفح گزرگاہ کھولےجانے اور غزہ تک فوری طور پر ضروری سامان پہنچائے جانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔ ایروانی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کی فوجی اور لاجسٹک امداد کرنے کی وجہ سے امریکہ غزہ پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کے جرم میں برابر کا شریک ہے۔

ٹیگس