Nov ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران کی فضا آج امریکہ مردہ باد اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

تہران سمیت ایران کے ایک ہزار دوسو سے زیادہ شہروں میں ایک ساتھ عالمی سامراج سے مقابلے کا دن "عالمی جدید نظام امنگوں اور اہداف کی نسل کے ساتھ" کے نعرے کے ساتھ منایا گیا اور اس سلسلے میں متعدد ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

سحر نیوز/ ایران: ہمیشہ سربلند رہنے والی ایرانی قوم نے اس سال بھی تیرہ آبان کی ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں اور استقامتی تنظیموں سے اپنی دیرینہ و ہمہ جانبہ حمایت و مدد اور غزہ کے مظلوم عوام اور رہائشی علاقوں، اسکولوں اور طبی مراکز پر غاصب اسرائيلی حکومت کی افواج کے وسیع حملوں نیز عام شہریوں، بچوں اور عورتوں کے قتل عام کی ایک بار پھر مذمت کی۔

تہران میں آج صبح نو بجے فلسطین اسکوائر سے ریلی نکالی گئی اور امریکہ کے سابق سفارت خانے یا امریکہ کے سابق جاسوسی کے اڈے پر ختم ہوئی۔ ریلی میں شریک افراد نے رہبر انقلاب اسلامی، شہید قاسم سلیمانی، سید حسن نصراللہ کی تصاویر اور ان بچوں کی تصاویر ہاتھوں میں اٹھا رکھی تھیں جو غزہ میں غاصب اسرائیلی فوجی کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہوئے ہیں۔

ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین اور حزب اللہ لبنان کے پرچم اور ایسے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت کی دشمنانہ پالیسیوں سے نفرت اور صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطین کے مظلوم عوام کے قتل عام کو روکے جانے کی عبارتیں درج تھیں۔

تہران کے طلبا و طالبات نے تیرہ آبان کی ریلی میں غزہ پٹی کے مظلوم عوام کے وحشیانہ قتل عام کے خلاف اسرائیل اور امریکہ کے جھنڈے نذر آتش کئے۔ ریلی کے شرکا نے بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ غزہ میں ہونے والے قتل عام پر اپنی خاموشی توڑیں اور صرف بیانات جاری اور احتجاج کرنے پر اکتفا نہ کریں۔

فلسطین چوک سے امریکہ کے جاسوسی کے سابق اڈے تک جاری رہنے والی ریلی کے راستے میں امریکی جرائم اور روشن فکرانہ ثقافتی پروگراموں کی نمائش کے لئے بہت سے اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔

ریلی میں شریک مظاہرین نے شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر اپنے ہاتھوں میں اٹھا رکھی تھیں اور غاصب صیہونی حکومت کو مخاطب کرکے اعلان کیا کہ ہم تمہارے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

اسکولی طلبا و طالبات نے دہشت گرد گروہ ایم کے او کے سرغنہ پر طنز کرنے کے لئے ہٹلر سے مشابہت رکھنے والے ایک کارٹون کی نمائش بھی کی اور اس دہشت گرد گروہ کے جرائم کو غزہ میں ہونے والے امریکہ اور غاصب اسرائيل کے جرائم سے تعبیر کیا۔

ریلی میں شریک تہران کے لوگوں اور اسکولی طلبا و طالبات نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد جیسے امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف اور فلسطین اور غزہ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

ٹیگس