Nov ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • حماس نے طوفان الاقصی میں صیہونی حکومت کو ناک آؤٹ کردیا: رہبرانقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ حماس نے طوفان الاقصی آپریشن میں صیہونی حکومت کو ناک آؤٹ کردیا۔

سحر نیوز/ ایران: ایشیا اور پیرا ایشین گیمز میں تمغے جیتنے والے اور کھیل کے دیگر شعبوں میں ایران کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں نے بدھ کو رہبرانقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کھلاڑیوں سے اگر فلسطین کے تازہ ترین حالات کے بارے میں ایک جملے میں کچھ کہنا چاہوں تو وہ ایک جملہ میں یوں کہوں گا کہ صیہونی حکومت طوفان الاقصی آپریشن میں ناک آؤٹ ہوگئی۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ حماس نے جو نہ کوئی حکومت ہے نہ کوئی ملک ہے اور نہ ہی اس کے پاس وسائل ہيں بلکہ صرف ایک تنظیم ہے اس نے غاصب صیہونی حکومت کو اس کے تمامتر فوجی وسائل و ساز وسامان کے باوجود ناک آؤٹ کردیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ میں قومی ٹیم کا شکریہ ادا کرتاہوں جو مظلوم فلسطینی قوم کے دفاع میں گلے میں فلسطینی علامت کی چفیہ یا شال ڈال کر میدان میں اتری اور ہم ان سبھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہيں جنھوں نے فلسطین کی حمایت میں کسی نہ کسی طرح سے اپنے موقف کا اعلان کیا اور اپنے تمغے غزہ کے بچوں کو ہدیہ کیا اور صیہونی حکومت کی بمباری کا نشانہ بننے والے اسپتال کے شہدا کو دیا اور ان کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہيں جنھوں نے صیہونی حکومت کے کھلاڑیوں کے مقابلے میں کھیلنے سے انکار کردیا۔

آپ نے فرمایا کہ آج معلوم ہورہا ہے کہ ان کھلاڑیوں نے کتنا صحیح اور بروقت کام کیا اور ان کی حقانیت آج ہر دور سے زیادہ واضح ہوگئی ہے۔

ٹیگس