Jan ۰۵, ۲۰۲۴ ۲۱:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران کی وزارت انٹیلی جینس نے سانحۂ کرمان کے ایک دہشت گرد کی شناخت کا اعلان کردیا

سانحۂ کرمان کے سلسلے میں ایران کی وزارت انٹیلی جینس کا اہم اعلان، دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت کرلی گئی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت انٹیلی جینس نے کرمان کے گلزار شہدا قبرستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں سے متعلق ایک اعلان میں دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت کا اعلان کیا ہے۔

بدھ (3 جنوری) کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقع پر ایران کے جنوبی شہر کرمان کے گلزار شہدا قبرستان میں دو دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے جن کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں 89 افراد شہید اور 284 زخمی ہوگئے تھے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلی جینس کے دفتر رابطۂ عامہ نے جمعہ (5 جنوری) کی شام کرمان میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں ایک پریس ریلیز میں اس دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی شہریوں کی ایک تعداد کی شہادت پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس پریس ریلیز میں ایران کی وزارت انٹیلی جینس کے دفتر رابطۂ عامہ نے ایران کی سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملہ آوروں میں سے ایک دہشت گرد تاجک شہری تھا اور دوسرے دہشت گرد کی شناخت ابھی تک یقینی طور پر نہیں ہو سکی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت انٹیلی جینس کی پریس ریلیز میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ دونوں خودکش دہشت گردوں کے زیر استعمال رہائش گاہ کا بھی پتہ لگا لیا گیا جو کرمان شہر کے نواحی علاقے میں تھی نیز دہشت گردوں کی مدد کرنے والے دو عناصر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے 6 صوبوں سے دہشت گردوں کے 9 دیگر ساتھی بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔

 

ٹیگس