ایران: دہشت گرد گروہوں کی مدد کرنے والا ایک اصل ایجنٹ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا
ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشت گرد گروہوں کی مدد کرنے والے اصل عناصر میں سے ایک کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان و بلوچستان کے خفیہ شعبے نے ایک پریس ریلیز میں اس صوبے میں دہشت گرد گروہوں کی مدد اور ان کے ساتھ تعاون کرنے والے اصل عناصر میں سے ایک کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
سیستان و بلوچستان کے انٹیلی جینس شعبے کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے آج (پیرکو) پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ ایران کے جنوب مشرق میں مسلح شرپسند اور دہشت گرد گروہوں کی مدد اور ان کے ساتھ تعاون کرنے والے اصل ایجنٹوں میں سے ایک "اکرم ناروئی" صوبے کے ایک علاقے بمپور میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہوگیا۔
سیستان و بلوچستان کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جینس کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ مسلح شرپسند مسلح تصادم کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھا اور اس نے علاقے میں تکفیری دہشت گردوں کی ایک سے دوسری جگہ منتقلی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اس دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے کی گئی کارروائی کے دوران اس نے فرار ہونے کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کی طرف فائرنگ کی لیکن ایران کی سیکورٹی فورسز کی ہوشیاری اور بروقت کارروائی کی وجہ سے یہ مسلح شرپسند مارا گیا اور اس کے ساتھی دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔