Jan ۲۴, ۲۰۲۴ ۲۰:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران اور ترکیہ کے صدور کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی 10 یادداشتوں پر دستخط

اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکیہ کے درمیان علاقائی موضوعات، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں فروغ کے مقصد سے آج  10 دستاویزات پر دستخط ہوئے۔

سحر نیوز/ ایران: انقرہ سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ثقافت، ذرائع ابلاغ اور مواصلات، آزاد تجارتی زون، ریل اور فضائی نقل و حمل، بجلی، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کی ان یادداشتوں پر بدھ کی رات اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکیہ کے صدور سید ابراہیم رئیسی اور رجب طیب اردوغان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام نے دستخط کئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اقتصادی و سیاسی وفد کے ہمراہ ایران اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کی اعلیٰ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج صبح ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے لئے روانہ ہوئے تھے۔

انقرہ پہنچنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا ترک صدارتی محل "آق سرائے" میں ترک صدر رجب طیب اردوغان نے با ضابطہ طور پر استقبال کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے بھی انقرہ کے صدارتی محل میں اردوغان کے ساتھ دو گھنٹے تک خصوصی ملاقات کی اور اس کے بعد دونوں صدور کی سربراہی میں ایران اور ترکیہ کے درمیان تعاون کی اعلیٰ کونسل کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کی اعلیٰ کونسل کا ساتواں اجلاس 9 جولائی 2022 کو ترکیہ کے صدر کے دورۂ تہران کے دوران منعقد ہوا تھا۔

اس دورے کے دوران دونوں صدور ایران اور ترکیہ کے تاجروں اور اقتصادی کارکنوں کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ترکیہ میں مقیم ایرانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

ٹیگس