ایران: تہران میں دوسرے "صبح بین الاقوامی میڈیا فیسٹیول" کا آغاز
اسلامی جمہوریۂ ایران کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے، آئی آر آئی بی کی ورلڈ سروس کے زیر اہتمام دوسرے "صبح انٹرنیشنل میڈیا فیسٹیول" کا آغاز اس کے پوسٹر کی رونمائی کے ساتھ ہوا۔
سحرنیوز/ایران: تہران میں پریس ٹی وی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران فیسٹیول کے ڈائریکٹرمحسن یزدی نے میڈیا کے شعبے میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور "صبح فیسٹیول" کو ایک حقیقی اور اثر انگیز تقریب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول دیگر غیرحقیقی یعنی محض نمائشی فیسٹیولوں کی طرح نہیں ہے جو محفل "نشستند و گفتند و برخاستند" بن کر رہ جاتے ہیں۔
محسن یزدی نے موجودہ حالات میں میڈیا کے اہم کردار پر گفتگو کی اور کسی بھی طرح کی ناکامی سے بچنے کے لیے مستقبل پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے فیسٹیول کے مختلف اور متنوع حصوں کا خاکہ پیش کیا، جس میں دستاویزی پروگرام، ٹیلی ویژن پروگرام، ریڈیو شوز، پوڈ کاسٹ اور آن لائن مواد شامل ہے۔