Jan ۳۰, ۲۰۲۴ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
  • جدت عمل ایران کے اوج پر پہنچنے کی راہ میں قابل اطمینان سہارا: رہبر انقلاب اسلامی

ملک کے صنعتی و پیداواری شعبوں میں سرگرم  تقریباً ایک ہزار افراد نے آج منگل کی صبح رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب بھی کیا۔

سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں بڑے معاشی اہداف کو عملی جامہ پہنانے میں نجی شعبے کی پوری طرح سے مؤثر گنجائش اور صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، کام کاج اور کاروبار کے میدان کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں حکومت کی حمایت اور پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے ذمہ داریاں قبول کیے جانے پر زور دیا اور انہیں ملک کے حالات کو بہتر بنانے اور بھرپور پیش رفت کی راہ ہموار کرنے والی دو بہت اہم ضرورتیں قرار دیا۔  

رہبر انقلاب اسلامی نے پابندیوں جیسے محدود کرنے والے بعض مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی رکاوٹوں کے باوجود پرائیویٹ سیکٹر کی کوشش اور پیشرفت، لوگوں کو پرامید کرتی ہے اور یہ سیکٹر، ایران کو ساتویں پنج سالہ ترقیاتی پروگرام کی مطلوبہ 8 فیصدی کی پیشرفت تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے جدت عمل کو کل کی نمائش اور آج کی نشست کی نمایاں خصوصیت بتایا اور کہا کہ جدت عمل، ماہر افرادی قوت کی عکاسی کرتی ہے اور ماہر افرادی قوت، ایک عظیم سرمائے کی حیثیت سے بڑے مسائل کے حل، دشوار راہوں کو طے کرنے اور ایران کے اوج پر پہنچنے کی راہ میں ایک قابل اطمینان سہارا ہوگی۔

آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے حکومت اور معاشی کارکنوں میں ذمہ داری کے احساس کو، عوامی سرمائے کی گنجائش سے بھرپور طریقے سے استفادے کا لازمہ بتایا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری عام طور پر کام کاج کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنا اور اس کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
آپ نے پابندیوں اور دشمنوں کے معاندانہ اقدامت جیسے باہری مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتیں یقینی طور پر نقصان پہنچانے والی ہیں اور ملک کے لیے مسائل پیدا کرتی ہیں لیکن ان ہی مسائل کو مواقع میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے جیسا کہ ہمارے نوجوانوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور آج ہم نے فوجی ہتھیاروں یا فضائی میدان میں اور ثریا سیٹلائٹ کی لانچنگ جیسی پیش رفت کی مانند زبردست سائنسی کارنامے انجام دیے ہیں نیز اگر پابندیاں نہ ہوتیں تو آج ہم یہ کارنامے انجام نہ دے پاتے۔

 

ٹیگس