Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی جارحیت بند کرائی جائے:  ایران کے وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے حملے بند کروائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے غزہ پر صیہونی جارحیت بند کرائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت میں اب تک ستائیس ہزار سات سو سے زائد نہتھے عام شہری شہید اور سڑسٹھ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے تہران میں غیر ملکی سفرا کی شرکت سے منعقدہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ایک تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران شروع سے کہتا آیا ہے کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے اور فلسطین کی تحریک مزاحمت کو ہرگز ختم نہیں کیا جاسکتا۔ حسین امیر عبد اللہیان نے غزہ پر صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی کہ تہران، فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابیاں علاقے کے تمام دوست اور ہم خیال ملکوں سے متعلق ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ تہران کے خلاف یورپ اور امریکہ کی مختلف قسم کی تمام تر پابندیوں کے باوجود ایران نے مختلف شعبوں میں قابل ذکر ترقی و پیشرفت کی ہے اور اس کا یہ عمل بدستور جاری ہے۔

ٹیگس