ہمارے جدید ترین ڈرون کسی بھی جگہ خفیہ آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں، اعلیٰ ایرانی کمانڈر
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ آج ہمارے جدید ترین ڈرون کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت خفیہ آپریشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادے نے کہا کہ آج ایران متحرک اہداف کو نشانہ بنانے اور نظر نہ آنے والے ڈرون طیاروں کے ذریعے کسی بھی مقام پر جاسوسی کی کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرو اسپیس ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر جنرل امیر علی حاجی زادے کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ بعثی حکومت کے ساتھ جنگ میں ہماری توپ صرف 27 کلومیٹر کے دائرے تک ہی کام کرتی تھی لیکن آج ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں خطے میں امریکی دہشت گرد فوج واضع طور پر تسلیم کرتی ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی۔
ان کہنا تھا کہ امریکہ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ ایران کی دفاعی طاقت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہے اور یہ کہ آج ہم دفاع، میزائل اور ڈرون کے شعبوں میں دنیا کی صف اول کی طاقتوں میں شامل ہیں۔