Feb ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۲:۲۸ Asia/Tehran
  • آرمان اور آذرخش میزائل سسٹم اہداف کو کم وقت میں ہی تباہ کرسکتے ہیں: ایرانی وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ "آرمان" اور "آذرخش" میزائل سسٹم کم سے کم وقت اور فاصلے میں اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق آج ہفتے کو تہران میں ایرانی دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا قرائی آشتیانی کی موجودگی میں "آرمان" اور "آذرخش" میزائل سسٹم کی رونمائی کی گئی۔ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئرجنرل محمد رضا قرائی آشتیانی نے تقریب رونمائی سے خطاب بھی کیا۔

وزیر دفاع بریگیڈیئرجنرل محمد رضا قرائی آشتیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزارت دفاع ملک کی دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ میزائل سسٹم ایران کی دفاعی صنعت کی دو بڑی کامیابیاں ہیں۔

انہوں نے بتایا آرمان اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم درمیانی رینج کا ایک مکمل ٹیکٹیکل سسٹم ہے، جو 180 کلومیٹر کے فاصلے سے ہدف کی نشاندہی کر سکتا ہے اور 120 کلومیٹر کی رینج میں ہدف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم انتہائی حساس اور طاقتور ہونے کی وجہ سے 3 منٹ سے بھی کم وقت میں آپریشن کے لیے فعال ہو سکتا ہے۔

 "آرمان" اور "آذرخش" میزائل سسٹم ایران کی وزارت دفاع کے ماہرین کے تیار کردہ ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع نے "آذرخش" میزائل سسٹم کے بارے میں بھی کہا کہ ملک کے اہم اور حساس مراکز کو ڈرونز اور مائیکرو برڈز کے خطرات سے بچانے کے لیے دیگر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ "آذرخش"  سسٹم بھی ہے، جو مختصر فاصلے اور کم فاصلے تک مار کرنے والا سسٹم ہے۔ یہ ہر قسم کی گاڑیوں پر نصب کیا جاسکتا ہے اور رات کے وقت آپریشن کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

ٹیگس