Feb ۲۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • انتخابات میں بھرپور شرکت، قومی اقتدار اور ملکی سلامتی کی ضمانت ہے: رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ بھرپور اور پرجوش انتخابات ملک کا نظام چلانے اور ملک کی ترقی وپیشرفت کا ایک مضبوط ستون ہے-

سحرنیوز/ ایران : انتخابات میں پہلی بار ووٹ دینے کے اہل نوجوانوں اور شہدا کے اہل خانہ کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر ہم یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہیں کہ قوم ، ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے میدان میں بدستور موجود ہے تو گویا ہم نے ملک کو اور آگے بڑھایا ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے انتخابات میں بھرپور اور پرجوش شرکت کو قومی اقتدار اور ملکی سلامتی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عوام کی بھرپور شرکت سے دشمن ایک بار پھر مایوس ہوگا آپ نے فرمایاکہ ہمارے ملک کے نوجوانوں اور جوانوں کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ انتخابات کا حق ہماری قوم کو آسانی سے نہيں ملا ہے-

اسلامی انقلاب سے پہلے ہمارے ملک میں استبداد اور آمریت کا دور تھا- رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پرجوش انتخابات ملک کا نظام چلانے کے میدان میں عوام کی بھرپور شراکت کا آئینہ دار ہے اور ایران کے لئے ایک بہت بڑا سرمایہ ہے- آپ نے فرمایا کہ جمعہ کو ہونے والے انتخابات پر مختلف وجوہات کی بنا پر امریکا ، مغربی ملکوں اور خبیث صیہونیوں کی گہری نظر ہے اور یہ دشمن طاقتیں ہرچیز سے زیادہ اس بات سے خوف زدہ ہيں کہ ایران کے عوام انتخابات میں بھرپور شرکت کیوں کرتے ہيں-  رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن اور طاغوتی طاقتیں یہ جانتی ہیں کہ امریکا اور برطانیہ کی حمایت یافتہ ایران میں شاہی حکومت کو ایرانی عوام نے ہی اکھاڑ پھینکا تھا اور مسلط کردہ جنگ کے دوران بھی دشمنوں کی ناک ایرانی عوام نے ہی رگڑ کر رکھ دی تھی- یہی وجہ ہے کہ انتخابات میں شرکت قومی اور ملی طاقت کا بھرپور اظہار ہے

ٹیگس