Mar ۲۶, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۲ Asia/Tehran
  • غزہ کےعوام کا تاریخی صبر بہت عظیم ہے جس نے اسلام کا سر بلند کردیا: رہبر انقلاب اسلامی

ارنا کے مطابق منگل کی شام تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اپنے وفد کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

سحرنیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں، غزہ کے عوام اور فلسطین کے استقامتی محاذ کی بے نظیر مزاحمت اور استقامت کی قدردانی کی۔

اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت کی، جس کو مغرب  کی مکمل حمایت حاصل ہے،  درندگی اور جرائم کے مقابلے میں غزہ کےعوام کا تاریخی صبر بہت عظیم ہے جس نے اسلام کا سر بلند کردیا۔

  آپ نے فرمایا کہ دشمن کی خواہش کے برخلاف مسئلہ فلسطین، دنیا کے اہم ترین مسئلے میں تبدیل ہوگیا۔  

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ غزہ کے عوام کا قتل عام اور ان کی نسل کشی ہر با ضمیر انسان کو متاثر  کررہی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران غزہ کے مظلوم  اور صابر عوام کی حمایت میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔  

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بین الاقوامی رائے عامہ اور اسی طرح عالم اسلام  بالخصوص عرب دنیا کے عوام کی جانب سے غزہ کے عوام  کی حمایت کو بہت اہم قرار دیا اور فرمایا کہ فلسطین کے استقامتی محاذ کے  تشہیراتی اور ابلاغیاتی اقدامات اب تک بہت اچھے تھے اور صیہونی دشمن سے سبقت لے گئے، اس میدان میں مزید اہتمام کی ضرورت ہے۔

 حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطین بالخصوص غزہ کے عوام کی بے دریغ حمایت کا شکریہ ادا کیا اور غزہ کی زمینی صورت حال نیز اس حوالے سے سیاسی تغیرات  کی رپورٹ پیش کی۔

 انھوں نے کہا کہ گزشتہ چھے مہینے میں استقامتی محاذ کے سپاہیوں اور غزہ کے عوام  کے مثالی صبر اور استقامت کے نتیجے میں، جو ان کے ایمان راسخ کا نتیجہ ہے، صیہونی دشمن جنگ غزہ میں اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل نہ کرسکا ہے۔  

ٹیگس