ایرانی طلباء و طالبات فلسطینیوں اور امریکی طلبہ تحریک کی حمایت میں میدان میں آ گئے
آج ایران بھر کی یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف اور امریکی اور یورپی جامعات میں جاری احتجاجی تحریک کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔
سحر نیوز/ ایران: فلسطین کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف امریکہ اور یورپ کی یونیورسٹیوں میں زور پکڑتی طلبہ تحریک کو تشدد کے ذریعے دبانے کے حکومتی کوششوں کے خلاف ایران بھر کی یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات اور پروفیسروں نے اس تحریک کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔
غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے امریکی طلبہ تحریک کی جانب سے اس ملک کی یونیورسٹیوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں جو نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی سے شروع ہو کر اس ملک اور یورپ کی دیگر یونیورسٹیوں میں پھیل گئے، ان یونیورسٹیوں میں سینکڑوں طلباء اور پروفیسرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آج ایران بھر کی یونیورسٹیوں من جملہ تہران، تبریز، ارومیہ، ایلام، آبادان، مشہد اور کردستان کے طلباء و طالبات اور اساتذہ نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم، صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خلاف اور امریکی اور یورپی جامعات میں جاری احتجاجی تحریک کی حمایت میں ریلیاں نکالیں جن میں امریکی پولیس کی جانب سے طلباء اور پروفیسرز پر وحشیانہ تشدد اور پولیس گردی کی مذمت کی گئی اور امریکہ اور یورپ کے دوہرے معیار اور صیہونی رجیم کی بربریت کے خلاف نعرے لگائے۔