سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، دہشت گردی کے خلاف مہم کی علمبردار ہے : ترجمان وزارت خارجہ
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران کی سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینے پر مبنی کینیڈا کی پارلیمنٹ کے اقدام کو، غیر عاقلانہ، دشمانہ اور بین الاقوامی قوانین و اصول کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، دہشت گردی کے خلاف مہم کی علمبردار ہے۔
سحرنیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف کینیڈین پارلیمنٹ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دشمنانہ اقدام ایران کے داخلی امور میں مداخلت اور ایران کے اقتدار اعلی اور قومی سلامتی کے منافی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، ایران کی مسلح افواج کے ہمراہ ملک کی سرحدوں کا تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے ساتھ ساتھ علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ناصر کنعانی نے کینیڈا کے ارکان پارلیمنٹ کے غیر منطقی اقدام کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ارکان گذشتہ ایک عشرے سے زائد عرصے سے غاصب صیہونی حکومت کے زیر اثر اور بعض کالعدم گروہوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کینیڈا کے پارلیمانی اراکین کو ایران کی سپاہ کے مقام اور اس سے متعلق حقائق کے بارے میں غور کرنا ہو گاجو ایران کے بنیادی آئین کے مطابق اپنے سرکاری تشخص کے ساتھ علاقے میں دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے امن و استحکام کے قیام میں بھرپور تعاون کرتی رہی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کینیڈا کے دشمانہ اقدام سے سپاہ کے اقتدار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران، اس قسم کے غیر قانونی اور غیر عاقلانہ اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔