Jun ۱۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران اور وینزویلا کی، بین الاقوامی فورمز میں صیہونی حکومت کے جرائم کی پیروی پر تاکید

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ اور وینزویلا کے وزیر خارجہ نے اپنی ملاقات میں بین الاقوامی فورمز میں صیہونی حکومت کے جرائم کی پیروی پر تاکید کی ہے۔

سحرنیوز/ ایران : ایسنا کے مطابق روس میں بریکس ممالک اور ترقی پذیر ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان خیل پنٹو کے ساتھ ملاقات میں غزہ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تبادلۂ خیال کرتے کہا کہ خودمختار ممالک کو چاہئے کہ وہ صیہونیوں کے جنگی جرائم کو روکنے اور فلسطین کے مظلوم عوام تک انسانی امداد پہنچانے کے لئے زیادہ سے زيادہ کوششیں بروئےکار لائيں- علی باقری کنی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے اور مزید پیشرفت کے لیے مختلف شعبوں میں حکام کے مسلسل رابطے اور بات چیت کو ضروری قرار دیا۔

اس ملاقات میں وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان خیل پنٹو نے بھی دونوں ممالک کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے پیش نظر ان پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ منصوبوں کو زیادہ سنجیدگی سے آگے بڑھانے کو اہم قرار دیا۔ وینزویلا کے وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے اپنی حکومت، عوام اور وینزویلا کے صدر کی خصوصی توجہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا نے فلسطینیوں کے جرائم کی مذمت کے لیے اپنی بھرپور سیاسی طاقت اور صلاحیت کو استعمال کیا ہے اور ان کا ملک فلسطینیوں کے دفاع اور بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے فورمز پر اسرائیل کے جرائم کی پیروی کے لئے تیار ہے-

غزہ  میں فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے آٹھ ماہ سے زائد جرائم کے نتیجے میں اب تک سینتیس ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

ٹیگس