قائم مقام صدر مخبر کی عوام سے ووٹنگ کے عمل میں شرکت کی اپیل
ایران کے قائم مقام صدر نے انتخابات میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: قائم مقام صدر محمد مخبر نے ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں عوام سے چودھویں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ عوام اپنی اس شرکت کے ذریعے اپنی اور اپنے ملک کی سرنوشت کے بارے میں موثر کردار ادا کریں۔
محمد مخبر نے کہا کہ نظام کی حاکمیت اور عوام کی اپنی سرنوشت میں شرکت کا تقاضا یہ ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں پر حاضر ہوں، اور لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ باکس میں ڈالا جانے والا ہر ووٹ نظام کے لیے ایک ووٹ ہے، اور ہمیں امید ہے کہ ہمیشہ کی طرح ہم اپنے اس فریضے پر عمل کریں گے۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ عوام کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت ان کے ووٹوں کی پوری طاقت سے حفاظت کرے گی اور تمام سرکاری اداروں کو آمادہ کر دیا گیا ہے تاکہ ہم دوبارہ عوام کے ایک اور عظیم الشان شرکت کا مشاہدہ کریں۔