انتخابات میں ایرانی عوام کی پرجوش شرکت ناقابل فراموش ہے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے 14ویں صدارتی انتخابات میں ایرانی عوام کی پرجوش شرکت کو ایک شاندار اور ناقابل فراموش واقعہ قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے چودہویں صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اپنے تہنیتی پیغام میں ایرانی قوم اور منتخب صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ انتخابات میں ایرانی قوم کو مایوس کرنے اور تعطل پیدا کرنے کی دشمن کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ایرانی عوام نے جو مقابلہ کیا اور انتخابات میں بھرپور شرکت کی ، یہ ایک شاندار اور ناقابل فراموش کام ہے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ عزیز عوام ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے میدان میں آئے اور پرجوش منظر پیدا کیا اور دو مرحلوں میں بیلٹ بکسوں میں 55 ملین سے زیادہ ووٹ ڈالے-
رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ مناسب ہے کہ انتخابات کے دوران وجود میں آنے والی رقابت کو رفاقت میں بدل دیا جائے اور ہر شخص ملک کی مادی اور روحانی ترقی کے لیے کام کرے۔
ایران کے 14ویں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مجموعی ووٹوں کی تعداد تین کروڑ پانچ لاکھ تیس ہزار ایک سو ستاون رہی جس میں "مسعود پزشکیان" ایک کروڑ ترسٹھ لاکھ چوراسی ہزار چار سو تین ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور ایران کے نویں منتخب صدر بن گئے۔