Jul ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائیں گے

رہبر انقلاب اسلامی تہران یونیورسٹی میں شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی کل صبح 8:30 بجے تہران یونیورسٹی میں شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ نماز جنازہ کے بعد تہران یونیورسٹی سے آزادی اسکوائر تک شہید اسماعیل ہنیہ کی تشییع جنازہ ہوگی جس میں ایران کے غیور عوام بڑے پیمانے شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ تہران میں شہدائے خدمت یعنی شہید صدر ابراہیم رئیسی، شہید وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی تشییع جنازہ میں تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی شرکت کی تھی۔

اس موقع پر حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا تھا کہ اے میرے عزیز ایرانی بھائیو آپ کی خدمت میں سلام عرض کرتا ہوں اور یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں فلسطین کی بہادر اور ثابت قدم قوم کی جانب سے ایران کے شہید صدر اور شہید وزیر خارجہ کی نماز جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کے لئے آیا ہوں۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ جنرل سلیمانی نے اپنی ساری زندگی فلسطین کی حمایت اور جدوجہد میں گزاری اور وہ قدس کے کمانڈر تھے اور قدس کے شہید ہیں ۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ کے اجتماع سے بھی خطاب کیا تھا اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی قدس کے شہید ہیں اور امریکہ کی جانب سے استقامتی محاذ کو کمزور کرنے کی کوششوں اور قتل و غارتگری کے باوجود استقامتی محاذ کو شکست نہیں ہو گی اور جب تک فلسطین اور قدس سے غاصبوں کو باہر نہیں نکالتے اس وقت تک ہماری غاصبوں اور جارحین کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اپنی منزل پا لیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا جس طرح لبنان اور غزہ میں ہم کامیاب ہوئے تھے اسی طرح اب بھی ہم کامیاب و کامران ہوں گے۔

حماس کے ہر دلعزیز رہنما اور استقامتی محاذ کے مجاہد اسماعیل ہنیہ کو قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت نے کل آدھی رات کو ایک بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے تہران میں شہید کردیا۔ ایران کی حکومت نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پورے ملک میں 3 روز کے عام سوگ کا اعلان کیا۔

ٹیگس