Aug ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • حرم امام رضا(ع) کے متولی کی جانب سے عالمی سائنس اولمپیاڈ میں ایوارڈ جیتنے والے طلباء کو خراج تحسین

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے مشہد مقدس کے دو ہونہار اور ممتاز طلباء سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں ریاضی اور بائیولوجی کے عالمی اولمپیاڈ میں ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد پیش کی اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ دو الگ الگ ٹیلی فونی گفتگو میں حرم مطہر کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے’’امیر حسین محمد زادہ‘‘ کو 2024 کے انگلینڈ میں ہونے والے ریاضی کے عالمی اولمپیاڈ  میں چاندی کا تمغہ جیتنے اور ’’سپہر چاچی‘‘ کو کازاکستان میں منعقد کئے جانے والے 2024 کے بائیولوجی کے اولمپیاڈ میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا کی۔
انہوں نے  بین الاقوامی سائنسی مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے ایرانی طلباء کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کی بے شمار اور قابل فخر صلاحیتیں ہمارے ملک میں پائی جاتی ہیں۔
حرم امام رضا(ع) کے متولی نے ان طلباء کی علمی اور سائنسی  کاوشوں اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی نشونما اور ترقی میں ان کے والدین کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر انسان میں بالقوۃ طور پر خاص صلاحیتیں پائی جاتی ہیں جنہیں عملی جامہ پہنانے میں کوشش  اور محنت کے ساتھ ساتھ والدین  و اساتذہ کا اہم کردار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ امیرحسین محمدزادہ  کی پیدائش 2006 میں اور سپہر چاچی کی پیدائش 2005 میں ایران کے شہر مشہد مقدس میں ہوئی اور اس وقت دونوں مشہد مقدس کے ہاشمی نژاد انٹر کالج میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ مشہد مقدس کے ان دو ہونہار اور ممتاز طلباء کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے متبرک تحائف بھی بھیجے گئے۔

ٹیگس