ایران کے صوبہ مازندران میں مہاجر پرندوں کی آمد
صوبہ مازندران کے ماحولیات کے نگران ادارے کے سربراہ نے اس صوبے کی جھیلوں کے ساحلوں پر مہاجر پرندوں کی آمد کے آغاز کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ مازندران کے ماحولیات کے نگران ادارے کے سربراہ کوروس ربیعی نے ارنا کے نامہ نگار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ مازندران کی جھیلوں اور تالابوں کا محل وقوع اور ان کے حالات ایسے ہیں کہ انواع و اقسام کے مہاجر پرندے اس موسم میں یہاں آتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ مختلف قسم کے مہاجر پرندے موسم سرما کی اپنی مہاجرت میں مازندران کی فضاؤں سے گزرتے ہیں اور یہاں رک کر اس صوبے کی جھیلوں اور تالابوں کے ساحلوں پر کچھ دن گزارتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ انواع و اقسام کے مہاجر پرندے اس صوبے کی جھیلوں اور تالابوں کے ساحلوں پر اترچکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے صوبہ مازندران میں میان کالے اور فریدون کنار نام کی دو بین الاقوامی جھیلیں پائی جاتی ہیں اور چھوٹی جھیلیں اور تالاب بے شمار ہیں اور ہر سال موسم سرما کی مہاجرت کے دوران نوے قسم کے تقریبا دس لاکھ پرندے یہاں آتے ہیں۔