ڈاکٹر مسعود پزشکیان نیویارک کا دورہ مکمل کر کے تہران لوٹ آئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اناسی ویں اجلاس سے خطاب کے بعد تہران لوٹ آئے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے سیاسی نامہ نگار کے مطابق صدر مسعود پزشکیان 22 ستمبر بروز اتوار صبح اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت اور تقریر کرنے کے لئے نیویارک پہنچے تھے۔ اس دورے کے دوران صدر ایران نے سوئٹزر لینڈ، فن لینڈ، ترکیہ، تاجکستان، صربیہ، فرانس اور بلغاریہ کے صدور، سوڈان کی گورننگ کونسل کے سربراہ، پاکستان، ناروے اور لبنان کے وزرائے اعظم، اور کویت کے ولی عہد سے ملاقاتیں کیں۔ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امریکی میڈیا کے سینیئر عہدہ داروں، مذہبی دانشوروں کے گروپ، امریکی مفکرین، امریکہ میں رہنے والے ایرانی سیاسی دانشوروں اور شہریوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
تہران پہنچنے پر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا: مستقبل میں اسلامی ممالک کے ساتھ نشستوں کا انعقاد ہوگا جس کے دوران ہم اپنے موقف اور احتجاج کو بیان کریں گے اور فیصلے بھی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسرائیل کے جرائم کی مذمت کی ہے۔
امریکہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرے اور نیتن یاہو کو تو انسان ہی نہیں کہا جا سکتا۔ صدر نے جے سی پی او اے کے معاملے کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ جے سی پی او اے کے بارے میں بات چیت ہوئی، ہم نے یورپی ممالک کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا اور یہ طے پایا ہے کہ وزرائے خارجہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔