Oct ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران کشیدگی اور جنگ نہیں چاہتا تاہم جنگ سے ڈرنے والا بھی نہیں: عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ نے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور بعض دوسرے ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایرانی افواج کے میزائل آپریشن اورغزہ اور لبنان میں کشیدگی کے بارے میں فون پر بات کی۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کی بنیاد پر اپنے جائز دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے صرف صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور بعض دوسرے ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایرانی افواج کے میزائل آپریشن اور غزہ اور لبنان میں کشیدگی کے بارے میں فون پر بات کی۔

سید عباس عراقچی نے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے اور تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد دو ماہ سے زائد عرصے تک ایران کی تحمل کا ذکر کرتے ہوئے مذکورہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ گفتگو میں غزہ اور لبنان پر صیہونی جارحیت اور اسرائیل مذموم عزائم کی جانب اشارہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک غزہ اور لبنان کے بیالیس ہزار سے زیادہ افراد کو جارحیت کا نشانہ بناکر شہید کیا جاچکا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آپریشن ختم ہوچکا ہے لیکن اگر صیہونی حکومت نے جوابی کارروائی کی کوشش کی تو ہمارا ردعمل زیادہ سخت ہوگا۔ ایران کشیدگی اور جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا، لیکن ہم جنگ سے ڈرنے والے بھی نہیں ہیں۔

ٹیگس