لبنان اور غزہ کی جاری صورتحال کے بارے میں ایران اور سعودی عرب کے وزرا خارجہ کی ریاض میں ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ایک اچھی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کے روز اپنے دورہ ریاض کے دوران سعودی ہم منصب سے ملاقات کی ۔ ہونے والی ملاقات میں علاقائی مسائل، لبنان اور غزہ کی صورت حال اور صیہونی حکومت کے جرائم کے بارے میں گفتگو ہوئی۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس سے قبل اپنے دورہ ریاض کے بارے میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد لبنان میں موجود مہاجرین کی مدد کے بارے میں گفتگو اور مشاورت کرنا ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ایک اچھی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ بات چیت فلسطین اور لبنان کے لئے بہتر حالات اور بالآخر خطے میں امن کا باعث بنے گی۔
اس سلسلے میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ عباس عراقچی علاقائی ممالک کے ساتھ ہم آہنگی اور بات چیت کی غرض سے سعودی عرب کے دورے پر گئے ہیں جس کا مقصد اسرائیلی حکومت کی جارحیت کی روک تھام اور غزہ اور لبنان میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے مصائب کو کم کرنا ہے۔