ایران اور مصر کےوزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو، علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال
ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ نے صیہونی حکومت کے جرائم رکوانے ، جنگ بندی، علاقے میں کشیدگی بڑھنے کی روک تھام اور غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام تک امداد رسانی کے لئے بین الاقوامی کوششیں بڑھائے جانے پر زور دیا ہے
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور بدر عبدالعاطی نے ٹیلیفونی رابطے میں علاقے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ اور لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم بند کرانے، جنگ بندی، علاقے میں کشیدگی بڑھنے کی روک تھام، اور غزہ نیز لبنان کے بے گھر اور در بدر ہونے والے مظلوم عوام تک امداد رسانی کے لئے کوششیں بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کے حالات، جارح صیہونی حکومت کی مہم جوئی، پورے علاقے میں جنگ پھیلا دینے اور علاقے کا امن واستحکام درہم برہم کردینے کی اس کی کوششوں کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے قانونی دفاع کے تحت اپنی ارضی سالمیت نیز قومی سلامتی کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ اور لبنان کے عوام کی نسل کشی فوری طور پر بند کرانے کے لئے اسلامی ملکوں کی اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور مصر کے درمیان مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔