دہشتگرد اور جرائم پیشہ صیہونی گینگ کے تمام سینئرحکام کے خلاف مقدمہ چلانے پر زور
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے ایکس اکاؤنٹ پر عبرانی زبان میں ڈالی گئی ایک پوسٹ میں دہشتگرد اور جرائم پیشہ صیہونی گینگ کے تمام سینئرحکام کے خلاف مقدمہ چلانے پر زور دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی کے آفیشل ایکس ہینڈل پر ہفتے کی شام عبرانی زبان میں ایک پوسٹ ڈالی گئی جس میں لکھا ہوا تھا: دہشتگرد، جرائم پیشہ صیہونی گینگ کے تمام سیاسی اور عسکری لیڈروں کے خلاف مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔
رہبر انقلاب سلامی کے آفیشل پیج پر عبرانی زبان میں یہ پوسٹ بین الاقوامی فوجداری عدالت آئی سی سی کے اُس حکم کے بعد سامنے آئی ہے جس میں صیہونی گینگ کے صرف دو اعلیٰ حکام یعنی وزیر اعظم اور سابق وزیر جنگ کے خلاف فیصلہ سنایا گیا ہے۔
سات اکتوبر دوہزار تیئیس کے بعد سے اب تک صیہونی گینگ کے سبھی سیاسی اور عسکری حکام حماس کی نابودی کے بہانے غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی بھرپور حمایت کرتے رہے ہیں، حتیٰ بعض انتہاپسند صیہونی وزرا اور اعلیٰ عہدے دار فلسطینی عوام کے خلاف ایٹم بم کے استعمال یا پھر فلسطینیوں کو اجتماعی طور پر نذر آتش کر دینے جیسے اقدامات کی تجویز دے کر ان اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔