صدر شام سے ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقات + ویڈیو
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دمشق میں صدر بشار اسد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ شام ماضی کی طرح اس بار بھی دہشت گرد گروہوں پر قابو پا لے گا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں صدر بشار اسد کو رہبر انقلاب اسلامی اور صدرمملکت کا سلام پہنچایا اور دہشت گردی کے خلاف مہم نیز علاقے ميں سلامتی و استحکام کے تحفظ میں شام کی حکومت، عوام اور فوج کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف پر زور دیا۔
سیدعباس عراقچی نے شام میں دہشت گردانہ اقدامات کو علاقے میں جنگ افروزی اور بدامنی پھیلانے میں امریکا اور صیہونی حکومت کے ساتھ دہشت گردوں کی یک جہتی اور استقامتی محاذ سے صیہونیوں کی شکست کی تلافی کی کوشش قرار دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ماضی ک طرح اس بار بھی شام دہشت گردوں کی سرکوبی میں کامیاب رہے گا۔
اس ملاقات میں شام کے صدر نے بھی کہا کہ اس خطے میں دہشت گردی سے صرف اسلامی ملکوں کے دشمنوں اور ان میں سر فہرست غاصب صیہونی حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے بنابریں دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے سبھی علاقائی ملکوں کی ہمہ گیر کوششوں کی ضرورت ہے۔
بشار اسد نے اسی کے ساتھ ان نازک حالات میں ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ شام کو بہت اہم اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں محاذی ملکوں کی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے بھرپور حمایت کا مظہر قرار دیا۔