ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ای سی او کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کی توسیع پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: سید عباس عراقچی نے منگل کے روز مشہد میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے 28ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران گزشتہ ایک سال سے ای سی او کا گردشی چیئرمین رہا ہے اور اس نے اہم منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے سنجیدگی سے کام کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اجلاس تنظیم کے رکن ممالک کے وزارائے خارجہ اور دیگر اہم عہدیداروں کے درمیان تبادلہ خیال اور بات چیت کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خراسان رضوی اپنے قدرتی مقامات کے علاوہ بہت سی اقتصادی، تجارتی، سیاحتی، زرعی، قومی اور علاقائی صلاحیتوں کا حامل ہے اور امید ہے کہ ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ مشہد میں قیام کے دوران ان کا مشاہدہ کریں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اجلاس علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کرنے کا بھی ایک موقع ہے،
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے دینا غزہ اور لبنان کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے بے لگام اور وحشیانہ جرائم کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
سید عباس عراقچی نے مزید کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد ہم امریکہ اور صیہونی حکومت کی حمایت سے تکفیری گروہوں کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کر رہے ہیں جس کے لیے خطے کے ممالک کی چوکسی اور موثر اور فوری عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔